میرا پیغام محبت ، امن اور مساوات تمام انسانیت کے لیے ۔ منجانب "فرخ صدیقی"

نرالا ملک !!!

پاکستان واحد نظریاتی مملکت ہے جسے دستوری جدوجہد اور جمہوری طریقوں سے حاصل کیا گیا تھا موجودہ یہودی ریاست اسرائیل بھی گرچہ نظریاتی مملکت ہے مگر اسے آئینی طور طریقوں سے نہیں بلکہ چالبازیوں اور ظلم و تشدد سے حاصل کیا گیا تھا۔


دنیا کے سب سے انوکھے ملک کے بارے میں تجزیاتی نظر ڈالتے ہیں :::--
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کے حصول کا مقصد ’’لاالہ الا اللہ‘‘ مقرر کیا گیا تھا ۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کے پاس ایٹم بم کی طاقت ہے مگر بجائے شوکت و دبدبہ حاصل کرنے کے غلامی اور پستی کی زندگی بسر کر رہا ہے۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کی قومی زبان تو اردو ہے مگر سرکاری زبان انگریز ی ہے جس کے حکمران اصلاً و نسلاً تو پاکستانی ہیں مگر شکل و شباہت اور چال ڈھال سے فرنگی محسوس ہوتے ہیں۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ خود اس کے حکمران بھی مخلص نہیں ہیں جس کے وزراء تنخواہ تو یہاں سے وصول کرتے ہیں مگر کام غیر ممالک کے لیے کرتے ہیں۔
 ۩۩    پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو جتنا زیادہ ٹیکنالوجی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اتناہی غلامی و غربت میں مبتلا ہے۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو جتنی زیادہ طاقتور فوج رکھتا ہے اتناہی خوف و مرعوبیت کا شکار ہے۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہےجس کی فوج اپنے ہی عوام کے خلاف تو برسر پیکار رہتی ہے مگر دشمن (بھارت وامریکا )کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتی ہے اور اپنے آپ کو اس کا حلیف قرار دیتی ہے ۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس میں دین دار لوگ اور مولوی حضرات جس قدر زیادہ ہیں اتنے ہی بے وزن ہیں۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جہاں کے عوام اور حکمرانوں کی سوچ اور اہداف کے درمیان یہ واحد ملک ہے جہاں دو نظام ہائے تعلیم رائج ہیں۔
 ۩۩    پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جہاں دوہری شہریت کے حامل افراد بھی کلیدی واعلیٰ عہدوں پر فائز ہو جاتے ہیں۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے یہاں ایک ایسی فسطائی تنظیم ہے جو روزانہ درجنوں افراد قتل کرتی ہے بھتہ خوری پر چلتی ہے‘ اسلحہ سے لیس ہے اور دو قومی نظریہ کی مخالف ہے پھر بھی اسے جمہوری عمل میں شریک کیا جاتا ہے۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کے ایک شہری پر متعدد الزامات ہیں اور وہ دوسرے ملک کی شہریت اختیار کرچکا ہے ملک کے خلاف کام کرنے کا الزام بھی ہے مگر پھر بھی اس کو راہنما تسلیم کیا جاتا ہے اور ملکی معاملات و پالیسیوں پر وہ بڑا اثر انداز ہوتا ہے۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کے یوم آزادی پر بعض جگہ اس کے پرچم کو جلایا جاتا ہے پھر بھی حکومت ایسے افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کی ایجنسیاں دشمن فوجوں کو راشن‘ اسلحہ اور اڈے فراہم کرتی ہیں اس کی حدود کو پھاند کر دشمن نے فضائی حملہ کیا اور 28 جوان شہید کیے مگر اس کی فوج اتنی فیاض اور کشادہ دل ہے کہ نہ صرف یہ کہ وہ لڑی نہیں بلکہ آئندہ مل جل کر کام کرنے کے تحریری معاہدے بھی کیے۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہےجس کی فوج ایک ایسی جنگ لڑ رہی ہے جس کے اہداف مبہم ہیں اور جس سے ملک کی بنیادیں کھو کھلی ہو رہی ہیں پھر بھی اس سے ہاتھ کھینچنے پر تیار نہیں۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے یہاں روزانہ تقریباً ڈیڑھ درجن افراد قتل کیے جاتے ہیں مگر حکمران فقط قاتلوں کے پکڑنے کے عزم پر اکتفا کرتے رہتے ہیں۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہےجہاں  ایک مجرم اعظم نے دو مرتبہ آئین کو معطل کیا ملک کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکا متعدد بچوں کو اجتماعی صورت میں قتل کیا اس کو سلوٹ دے کر باعزت بری کر دیا گیا۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جہاں محسن ِ ملک و ملت و ایٹم بم کے خالق کی عزت و تکریم کرنے کے بجائے تذلیل کی گئی اور اسے قید کیا گیا۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس میں ایک جاسوس نے دو نہتے شہریوں کو قتل کیا تو برسرِ اقتدار حکومت نے سرکاری خزانہ سے مقتولین کی دیت ادا کرتے ہوئے اس قاتل کو عزت و احترام سے آزاد کر دیا۔
۩۩     پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کا میڈیا غیر ملکی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے ہی ملک میں کیڑے ڈھونڈتا ہے کسی نامعلوم لڑکی کو اگر کوڑے لگ جائیں یا ملالہ نامی لڑکی کو گولی لگ جائے تو زمین و آسمان کو پر ملال بنا دیتا ہے لیکن اگر 3000 لڑکیاں بموں سے قتل کی جائیں‘ ایک عورت کو اغوا کرکے اسے 86 سال قید کی سزا سنائی جائے یا مسلمانوں کے لاشوں پر پیشاب کیا جائے تو اس کے پاس دیکھنے کے لیے آنکھ نہیں سننے کے لیے کان نہیں اور بولنے کے لیے زبان نہیں۔
قارئین کرام !
                دنیا کے اس انوکھے اور نرالے ملک کی نرالی نرالی باتیں بہت ہیں ۔بس کیا کریں کہ پرنم آنکھوں اور دل ِ بسمل سے بیاں کر نا مشکل ہے ۔بس دعا کیجیے کہ یہ نرالا ملک ہمیشہ قائم و دائم رہے ، پر نرالا نہ رہے ۔

مصنف :  حافظ عبد الجبار۔(کراچی)
ادارہ ”سنپ“موصوف کا ہمہ تن مشکور و ممنون ہے۔
یاد آوری جاری رکھنے کی التماس۔[شکریہ]