میرا پیغام محبت ، امن اور مساوات تمام انسانیت کے لیے ۔ منجانب "فرخ صدیقی"

انکل ٹام کے حضور میں ۔۔۔۔

محترمی و مکرمی جناب  انکل ٹام صاحب
سلام صد ہزاریاں بمع در گدائیاں
ہم سب یہاں خیریت سے ہیں اور آپ کی خیریت خدا وند کریم سے نیک مطلوب چاہتے ہیں ۔
دیگر عرض احوال یہ ہیں کہ :
                ہم سب آپ کے مشوروں پر برضا ورغبت عمل پیرا ہیں ۔آپ نے دیکھا ہوگا کہ ہم نے یلو جرنلزم کے ساتھ مل کر اپنی بھولی بھالی عوام کو اس بات پر قائل کر لیا ہے کہ یہ "ہماری جنگ "ہے اور باقی بھلا ہو آپ کی تنخواہ دار بلیک واٹر کا کہ اس نے ہمارے کئی شہروں میں اپنے جلوے دکھا کر آپ کی اور ہماری تدبیروں کو سچ کر دکھا یا ، مگر انکل جی یہ کیا !!!!!آپ اپنے  سینیٹروں کو کہیں کہ وہ ہماری تشریف پہ  دو جوتے زیادہ مار لیا کریں مگر اس طرح کے دل جلے بیان تو نہ دیا کریں کہ ہمیں یہاں بھی گالیا ں سننی پڑے ۔
                آپ دیکھیں آپ کی خاطر ہم نے اپنی سر حدیں آپ کے ڈرون کے لیے ہمیشہ کھلی رکھی ہیں ، یہ تو آپ جانتے ہیں کہ ہم اگر نہ چاہیں تو چاہے کتنی بڑی فوج ہو وہ ہمارے باڈر سے اندر نہیں آسکتی اور اگر آجائے  تو پھر واپس جا نہیں سکتی ۔مگر یہ کیا ہم عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک آدھا بیان دے دیتے ہیں تو آپ کا میڈیا اور آپ کے وزراء ہماری ایسی کی تیسی کر دیتے ہیں ۔آپ ہی بتائیں ہم نے آپ کی خاطر اپنے کتنے لوگو ں کو مروایا ہے ، ہاں یہ الگ بات ہے کہ ہم نے محکمہ بہبود آبادی کے ذریعہ آبادی کنٹرول کرنے کی بہت کو شش کی تھی مگر آپ کا یہ طریقہ بہت  اچھا ہے ۔
                سرکار آپ تو ہمارے مائی باپ ہیں ۔آپ تو ہر چیز ایجاد کر لیتے ہیں ۔ایک عرض ہے کہ آپ تمام امریکیوں کو سفارتی کارڈ بنا دیں ، تاکہ آپ کو ہر کام کرنے اور ہمیں اس سے جان چھڑانے میں آسان ہو ۔آپ خود دیکھیے ۔۔۔ ریمنڈ ڈیوس والے معاملے میں ہمیں اورآپ کو کتنی خفت اٹھانی پڑی تھی ۔
                2 جون2011 کی رات کاڈرامہ "مشن جیرانمو"ہم نے کیا خوبی سے اپنے سر لے لیا ہے ۔سرکار !!! ہم نے آپ کو اور آپ کی فورسز کو کب کسی کام سے روکا ہے ، مگر حضور ہمیں مشن پورا کرنے کے بعد ہی کچھ بتا دیتے ہم اپنی عوام کو ایک ہی بات بتاتے ۔ہمارا ہر وزیر اپنی سی کوشش کرتا ہے تو عوام میں ہمارا مؤقف کمزور پڑ جاتا ہے اور آپ بھی ذرا اچھی والی تصویریں کمپیوٹر سے ٹھیک کر کے میڈیا میں دیا کریں ۔آج کل بچے تیز ہو گئے ہیں جلدی پکڑ لیتے ہیں ۔ویسے ہم بھی حیران ہیں یہ چوتھی دفعہ واقعی اسامہ کوچ کر گیا ہے ۔ہمارے ذہن میں تورا بورا کا خیال آتا ہے ۔ویسے میں کسی کو نہیں بتاؤں مجھے کان میں ہی بتا دیں ۔مجھے لگتا ہے کہ آپ نے اسے سمندر برد کر نے کے بہانے کسی ویران جزیرے میں "اللہ اللہ "کر کے اپنی عمر کے آخری ایام گزارنے کا معاہدہ نہ کر لیا ہو ۔ویسے آپ معاہدے بہت اچھے کر تے ہیں ۔مجھے بھی کچھ سکھا دیجیے ۔آپ کا بھلا ہو گا ۔
                ہم نے آپ کے کہنے پر پی این ایس مہران میں آپ کے کرایہ دار "بلیک واٹر"کو ایک فرضی ڈرامہ کرنے میں مدد دی ، جس میں ہمارا کافی نقصان ہوا ، مگر آپ نے تو یہ کہا تھا کہ آپ ہمارے تمام نقصان کا ازالہ کریں گے مگریہ کیا آپ نے تباہ شدہ طیاروں کے بدلے میں طیارے دینے کا اعلان کرکے بات گول کر گئے ، مگر ہم تو سمجھے تھے کہ آپ بیس بال کے دیس ہیں آپ ہوم رنز بنائیں گے اور ہمارے دن پھریں گے مگر۔۔۔۔
                حضور یہ کیا بات ہے کہ آپ نے کیری لوگر بل کی بقیہ قسطیں نہیں دیں ۔ہمیں پتہ ہے کہ ہمیں کسی سوال کی اجازت نہیں ہے مگر حضور آپ کو تو پتا ہے کہ ہم نے دسویں ملک میں بھی اپنی جائیدادیں بنوانی ہے ، ہمیں بہت جلدی ہے ۔ملکی حالات کبھی بھی بدل سکتے ہیں ۔فجر ہونے کو ہے کبھی بھی عوام جاگ سکتی ہے ہم رات ہی رات میں سب کچھ کر کے نکلنا چاہتے ہیں ۔آپ کو تو معلوم ہے کہ ہماری یہ حکومت بس آخری مرتبہ ہے اس کے بعد کون کتا یہاں آئے گا ۔اب تو اپنے بھی کہنے لگے ہیں کہ "شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری "کتنی کروگے ۔ہم اس کے جواب میں "ہر گھر سے بھٹو نکلے گا تم کتنے بھٹو ماروگے "کا نعرہ لگا کر انہیں رام کرتے ہیں ۔
                حضور یہ بھی دیکھیے کہ ہم نے آپ کے کہنے پر ہی قاف لیگ کو قاتل لیگ کہا تھا اور ابھی تھوک کر چاٹنے والی بات ہم نے آپ کے کہنے پر انہیں بھی  گلے لگا لیا ۔
حضور !!!آپ کے کہنے پر ہی ہم  بھینس کے منہ والے کی بھی ہر بات مان کر ساتھ رکھتے ہیں ۔حضور آپ ایک فون لندن میں کرکے اسے بھی کہیں کہ روز روز بلیک میلنگ نہ کیا کرے ، مہینے میں ایک آدھے بار تو ہمیں بھی اچھا لگتا ہے ۔
انکل جی !!! اس سے بڑھ کر اور کیا ہم اتحادی بن کے دکھائیں کہ ایک ہمارے اتحادی بشیر بلو ر نے آپ کے دل کی بات "اب اللہ اکبر کا دور گیا اب سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے "کہا ۔اب تو مان جائیں آپ ویسے ہی ہر پٹھان کو طالبان سمجھتے ہیں ۔
آپ دیکھیں ہم آپ کی من و عن کس طرح اقتدا کرتے ہیں کہ آپ کی وزیر خارجہ بھی خاتون ہے اور ہم نے بھی حنا ربانی کھر کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ خاتون خاتون کو اچھی طرح سمجھتی ہے اور امید ہے ہلیری آنٹی کو آسانی ہو گی ۔ویسے آپ حنا کی آواز سے مت ڈریے گا ان کی آواز میں کچھ مردانہ پن ہے مگر وہ ہیں پوری لڑکی ۔(ایمان سے انکل جی!!! )
اب تو آپ خوش ہو جائیے ۔۔۔۔ہماری امداد بڑھائیے ۔۔۔۔۔کبھی تو بن مانگے دے دیا کریں ۔۔۔۔۔ویسے ہم ہروقت تشریف آپ کی طرف کرکے یہ کہنے کو تیار ہیں کہ :"تسی گریٹ ہو ، تحفہ قبول کر لو۔۔۔۔"
امید ہے آپ ہماری نیت پر شک نہیں کریں گے ۔بیان بازی تو چلتی رہتی ہے ۔وہ آپ کے ایک وزیر نے سچ کہا تھا کہ :"پیسے کی خاطر یہ حکمران اپنی ماں کو بھی بیچ دیں گے ۔"قسم سے میں ان کی بات سچ کر دیتا مگر میری ماں پہلے ہی مر گئی ۔کیا بے نظیر کی ماں چلے گی وہ بھی تو میری ساسو ماں ہے ۔
سرکار !!!آپ نے آج یہ کیا کہہ دیا کہ ہم دہشت گردی کی پناہ گاہیں ختم کر دیں ۔میں تو آپ کا غلام ہوں ، میں تو کہتا ہوں کہ جب تک میں صدر ہوں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں نہیں رہیں گی ۔سر کار !!! اب تو آپ خوش ہیں ناں۔۔۔
سرکار!!! مشرف نے مسلمان پکڑپکڑ کر  آپ کو دیے تو آپ نے فوراً ان کو ڈالر دے دیے ۔ہم بھی آپ کو پکڑ کر دےرہے ہیں مگر ہمیں پورے اور وقت پر ڈالر نہیں مل رہے ہیں ۔ پلیز !!!آپ ڈالر بھیجتے رہیں ۔۔۔ہم آپ کو مسلمان بھیجتے رہیں گے ۔
ویسے یہ اچھا ہے کہ آپ کو سندھی نہیں آتی ورنہ آپ مجھ سے پوچھتے کہ یہ میں ہر تقریر کے بعد "پاکستان کھپے کھپے "کیا کہتا ہوں ۔چلو میں بتا دیتا ہوں ، اس بات کو آپ آسانی میں اس طرح سمجھ لیجیے کہ :"پاکستان مختلف مسائل میں کھپتا رہے یعنی کہ گھلتا رہے ۔"
حضور !!! ہم نے تو سوچا ہےکہ ہم قائد اعظم کی تمام تصویریں ہٹا کر آپ کی اس کی جگہ آپ کی یہ خوبصورت تصویر لگائیں مگر۔۔۔۔۔
حضور !!! میں نے ریٹائرمنٹ کے بعد کی ایک سیاسی تنظیم بنانے کا سوچا ہے ۔اس کا نام "کھا ؤ پیو تحریک پاکستان "رکھا ہے ۔ویسے آپ کو میری نئی پارٹی کا نام کیسا لگا ؟؟؟ضرور بتائیے گا۔
باقی کوئی خاص بات نہیں جو لکھوں ۔۔۔۔ کم کو پورا سمجھنا ۔۔۔ سب چھوٹوں کو پیار اور بڑوں کو سلام ۔۔۔ویسے مشعل بھابھی کو سلام کہیے گا ۔
اجازت دیجیے گا ۔
خدا حافظ
فقط والسلام
صرف آپ کا گدائی
زورداری
صدر کھاؤ پیو تحریک پاکستان

مصنف  :  ابن ساحل  ،   بہ کی بورڈ خود ۔(کراچی)
مزدور کی مزدوری "پسینہ"خشک ہونے سے پہلے ۔ہماری مزدوری صرف ایک تبصرہ ۔[شکریہ]