میرا پیغام محبت ، امن اور مساوات تمام انسانیت کے لیے ۔ منجانب "فرخ صدیقی"

Sunday, January 22, 2012

کلاسیفائیڈ اشتہارات

آفتاب اقبال کی ”آفتابیاں“سے ماخوذ

***** تجربہ کار بدمعاش درکار ہیں*****

منصور اعجاز کو ایئرپورٹ سے اغوا کرکے کسی دورافتادہ عبرتناک مقام پر پہنچانے کے لئے نہایت تجربہ کار بدمعاش درکار ہیں۔
یاد رہے کہ مذکورہ شخص کو جان سے مارنا ہرگز ہرگز مطلوب نہیں کیونکہ اس سے لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں
 البتہ صبح دوپہر شام کی لتریشن موصوف کے لئے نہایت مفید ثابت ہوسکتی ہے
 جس سے وہ میموکمیشن کے آگے غیرضروری بیان دینے یا کسی بھی قسم کے دیگر پنگے لینے سے پرہیز کریں گے۔
اپنے خاندانی کوائف و فن بدمعاشی کی چند نمایاں وارداتیں معہ تفصیل اپنی درخواست کے ساتھ لف کرکے دفتر ہذا پہنچائیں
 ہوسکتا ہے قسمت کی دیوی آپ پر مہربان ہو جائے اور ایک بہت بڑا چانس آپ کا منتظر ہو۔
المشتہر: ”برے پھنسے ایسوسی ایٹس“ اسلام آباد


***** عامل متوجہ ہوں*****
ہرگاہ معلوم ہو کہ ہمارے پیارے گیلانی صاحب کی وزرت ِ عظمیٰ کو آج کل شدید خطرات لاحق ہیں۔
 چنانچہ پورے ملک کے عامل، ساحر، منجم، جادوگر حتیٰ کہ ملنگ بھی فوری طور پر رابطہ کریں
 تاکہ عملیات کے ذریعے این آر او اور میموگیٹ کی نحوست زائل کی جاسکے۔
 اس حوالے سے روپے پیسے کی فکر ہرگز نہ کی جائے کیونکہ وہ اللہ نے چھپڑ پھاڑ کر دے رکھا ہے۔
اجتماعی عملیات میں حصہ لینے والے تمام جادوگروں، چڑیلوں ، عاملوں
اور دیگر بزرگوں کی ”سہولت“ کا سارا سامان اسلام آباد کے فائیوسٹار ہوٹل میں وافر پہنچا دیا گیا ہے۔
 یہاں تک کہ بھنگ رگڑنے والے سوٹے اور دوریاں بھی ملتان سے خصوصی طور پر منگوالی گئی ہیں
 تاکہ ملنگوں و دیگر ٹھگوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔
 فوری رابطے کے لئے دفتر ہذا سے رجوع فرمائیں۔
المشتہر: انجمن تحفظ مجاوراں ملتان (رجسٹرڈ)


***** ٹینڈر مطلوب ہیں*****

چودھری پرویز الہٰی کے وزیراعظم بننے کے امکانات جوں جوں روشن ہوتے جارہے ہیں،
 توں توں پورے ضلع گجرات میں شیروانیوں اور اچکنوں کا فیشن زور پکڑنے لگا ہے ۔
لہٰذا فوری طور پر سینکڑوں کی تعداد میں بننے والی شیروانیوں کے لئے ٹینڈر مطلوب ہیں۔
یاد رہے کہ چودھری پرویز الہٰی صرف سیاہ اچکن ہی زیب تن کریں گے
جبکہ دیگر چودھری برادران بشمول وجاہت حسین، شفاعت حسین، شافع حسین، مونس الہٰی
 اور راسخ الہٰی ہلکے رنگوں کی دھاری دار اچکن پسند کرتے ہیں ۔
البتہ چودھری شجاعت چونکہ شیروانی کے ساتھ ٹائی لگانے پر اصرار کر رہے ہیں
اس لئے ان کا معاملہ فی الحال جائزہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
دوستوں اور کارکنوں سے گزارش ہے کہ سب مل کر دعا کریں کہ
 چودھری صاحب اب شیروانی اور ٹائی کے بعد سر پر فلٹ ہیٹ رکھنے کی ضد شروع نہ کردیں
 کیونکہ اس ہیت کزائی میں موصوف نہایت عجیب الخلقت لگ سکتے ہیں۔
 پراسرار سیاہ چشمہ اس پر مستزاد ہے جس پر آ پ جاسوسی کے شبے میں اندر بھی ہوسکتے ہیں۔
 بہرحال شیروانیاں سپلائی کرنے والے احباب سے گزارش ہے کہ
جونہی گیلانی صاحب قبلہ اپنے منطقی انجام کو پہنچیں، اپنی سربمہر کوٹیشن پتہ ہذا پر ارسال کریں۔
المشتہر: اقتدار اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ، گجرات


***** تلاش گمشدہ*****
ہمارے پیارے قائد اور مستقبل کے وزیراعظم جناب عمران خان صاحب قبلہ پچھلے تین ہفتوں سے لاپتہ ہیں۔
 انہیں آخری بار 25دسمبر کی شام کراچی کے ایک جلسہ میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد سے موصوف غائب ہیں۔
 ان کی اس پراسرار گمشدگی کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے حاسدین پراپیگنڈہ کرتے پھر رہے ہیں کہ
 خان صاحب قصورمیں ہونے والی کرسیوں کی چھینا جھپٹی سے دلبرداشتہ ہو کر کسی طرف منہ کرگئے ہیں۔
 یہ بھی کہا جارہا ہے کہ خفیہ ایجنسیاں مذکورہ کرسیوں کی گنتی پوری نہ ہونے پرسخت ناراض ہیں
اور انہوں نے تحریک ِ انصاف کو وارننگ بھی دی ہے کہ تم سے چند کرسیوں کی حفاظت تو ہو نہیں سکی
 تم پورا ملک کس طرح سنبھالو گے، وغیرہ وغیرہ۔
اس حوالے سے گزارش ہے کہ یہ سب محض پراپیگنڈہ ہے کیونکہ ایجنسیاں اب بھی ہم پر بھرپور اعتماد کرتی ہیں
 اور پلاسٹک کی چند بے وقت کرسیوں کی وجہ سے ہمیں چھوڑ نہیں سکتیں۔
خان صاحب اگر خود ناراض ہو کر کہیں چلے گئے ہوں تو براہ ِ کرم اشتہار ہذا پڑھتے ہی واپس چلے آئیں
 ہم ان پر ہزاروں کرسیاں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔
المشتہر : ورکران تحریک ِ انصاف، پریشان پورہ، لاہور

مصنف :  آفتاب اقبال۔(لاہور)
ادارہ’’سنپ‘‘ موصوف کا ہمہ تن مشکور و ممنون ہے۔
یاد آوری جاری رکھنے کی التماس۔[شکریہ]

1 : : : ----- ((( تبصرے جات ))):

pari vish said...

bhttttt khoooooooooobbb.... Gillani bechaarah burah phansa....

Post a Comment

خوش آمدید