میرا پیغام محبت ، امن اور مساوات تمام انسانیت کے لیے ۔ منجانب "فرخ صدیقی"

قتلِ افغان: امریکی ظلم منظر عام پر

 افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی جانب سےعام افغانیوں کو بےرحمانہ انداز میں قتل کرنے کے بعد ان کی لا شوں کے ساتھ بنائی جانے والی مزیدویڈیوزاورتصاویرمنظر عام پرلائی گئی ہیں۔
امریکی میگزین رولنگ اسٹون کی جانب سے شائع کیے جانے والی تصاویر میں امریکی آرمی کی پانچویں اسٹرائیکر برگیڈ کی قاتل ٹیم Kill Team  نامی گروپ کے سپاہی 4 عام افغان شہریوں کو قتل کرنے کے بعد ان کے ساتھ تصاویر کھنچوا رہے ہیں۔
یاد رہےکہ رولنگ اسٹون افغانستان میں تعینات رہنےوالےامریکی جنرل میک کرسٹل کا مشہورزمانہ متنازعہ انٹرویو بھی شائع کر چکا ہے جس میں  میک کرسٹل نے امریکی حکومت کی افغانستان کے حوالے سے پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اس انٹرویو کی اشاعت کے بعد جنرل میک کرسٹل کو فوج سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
رولنگ اسٹون کی جانب سےجاری کردہ خبرمیں 2 ویڈیوز اور 17 تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں افغانستان میں تعینات قاتل ٹیم کے ممبران ایک جگہ 15 سالہ کسان گل محی الدین کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ساتھ باری باری تصاویر بنوا رہے ہیں جب کہ اس ٹیم کے لیڈر کیلون گبز کمسن افغان بچے کو قتل کرنے والے سارجنٹ ہولمز کو اس کی انگلی کاٹ کر بطور انعام دیتے ہیں۔ایساکرتے وقت بتایاجاتاہےامریکی فوج کے سارجنٹ ہولمزنے افغانستان میں تعیناتی کےبعد یہ پہلا قتل کیاہے۔رولنگ اسٹون کی جانب سے رپورٹ کردہ واقعہ میں مجموعی طور پر 4 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔
ایک تصویر میں ایک شخص کا دھڑ سے علیحدہ سر دکھایا گیا ہے جس کو ایک بڑے پتھر کے ساتھ رکھ کر تصاویر کھنچی گئی ہے جبکہ اسی طرح ایک تصویر میں ایک نوجوان کی گلی میں موجود لاش دکھائی جا رہی ہے بعض تصاویر میں قاتل ٹیم کے افراد افغان بچوں کے ساتھ بھی تصاویر کھنچوا رہے ہیں۔
رولنگ اسٹون کی جانب سے جاری ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شاہراہ پر چند امریکی فوجی کھڑے ہیں کہ اچانک سامنے سے آنے والے دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا جاتا ہے دوسری ویڈیو میں ایک پہاڑی ٹیلے پر دو افراد بیٹھے ہوئے ہیں جن کو امریکی فوج کے جہاز کے ذریعے کی جانے والے گولہ باری سے قتل کرنے کے بعد ان کو عسکریت پسند ظاہر کیا گیا تھا جبکہ ویڈیو میں یہ دونوں افراد واضح طورپرغیر مسلح نظر آرہے ہیں ۔
10 دن قبل سارجنٹ جیریمی مورلوک کو 24 سال کی سزاسنائی گئی ہے جو اس قاتل ٹیم کے ممبر تھے ان کے سزا تو بہت زیادہ بنتی تھی مگر وہ قاتل ٹیم Kill Team کے لیڈر اسٹاف سارجنٹ کیلون گبز کے خلاف گواہ بننے کو تیار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے ان کی سزا میں کمی کر دی گئی تھی۔
امریکی فوج اور محکمہ دفاع پینٹاگون قاتل ٹیم  کو آرمی سے علیحدہ اورانفرادی تناظر میں دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر بیان بھی جاری کیا گیا ہے کہ تصاویر انتہائی افسوس ناک ہیں یہ امریکی فوج کے اقدار اور روایات کے برعکس ہے ان تصاویر سے پہنچنے والی اذیت پر امریکی فوج  معذرت کرتی ہے۔
مبصرین کا ان تصاویر کی اشاعت روکنےاوران کے منظرعام پرآجانےکےبعدپیش کی گئی امریکی تاویلوں پرتبصرہ کرتے ہوئےکہتے ہیں کہ امریکا اس وقت ابو غریب جیل طرز کے کسی بھی اسکینڈل کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لیے ان معاملات کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
امریکی فوجیوں کی جانب سےافغانیوں کے قتل عام پرمشتمل ویڈیوزاورتصاویرکےحوالے سےانٹرنیشنل سیکورٹی اینڈ اسٹنٹ فورس(ایساف)کےرئیر ایڈمرل وک بیک کاکہناہےکہ متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اورانہیں معاوضہ اداکرچکے ہیں جب کہ افغان صدرکرزئی کوبھی واقعہ کے متعلق آگاہ کردیاتھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بشکریہ :  ڈبلیو۔غازی۔
ادارہ’’سنپ‘‘ صاحب مضمون کا ہمہ تن مشکور و ممنون ہے۔یاد آوری جاری رکھنے کی التماس۔[شکریہ]